مظفر آباد (اے بی این نیوز)آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین کی پولنگ کا عمل جاری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے سرکاری ملازمین کی پولنگ کے لیے قائم مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے علی اکبر اعوان ہائی اسکول، کے جی اسکول، چہلہ یونیورسٹی کیمپس اور ڈگری کالج میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اور پولنگ کے عمل کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 27 جولائی کو اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے اور انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کو کسی بھی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی کے مکمل اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور سرکاری ملازمین کی پولنگ کا مرحلہ پرامن ماحول میں خوش اسلوبی اور تیزی سے جاری ہے۔
مزید پڑھیں: ایران کے صوبہ کرمان شاہ میں 5.2 شدت کا زلزلہ















