نیلم (اے بی این نیوز)ضلع نیلم، آزاد جموں و کشمیر کے ایک دور افتادہ اور نسبتاً پسماندہ گاؤں لواٹ کنڈیاں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر الطاف حسین نے NED University، کراچی سے اپلائیڈ لسانیات (Applied Linguistics) میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے ایک قابلِ فخر علمی سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔
ڈاکٹر الطاف حسین کا سفر محض تعلیمی کامیابی کی داستان نہیں بلکہ حوصلے، استقامت اور نامساعد حالات کے سامنے نہ جھکنے کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ لائن آف کنٹرول (LOC) پر بھارتی گولہ باری کے دوران انہوں نے اپنی دائیں ٹانگ کھو دی، لیکن اس سانحے نے ان کے حوصلے، عزم اور خوابوں کو شکست نہ دی۔ جسمانی معذوری ان کے راستے کی دیوار بن سکتی تھی، مگر انہوں نے اسے اپنی منزل کے درمیان حائل نہیں ہونے دیا۔
غیر معمولی ہمت اور ثابت قدمی کے ساتھ انہوں نے اپنی تعلیم کا سفر جاری رکھا اور مسلسل کامیابیاں حاصل کرتے گئے۔ ڈاکٹر الطاف حسین نے انگریزی ادب میں ماسٹرز کی ڈگری گولڈ میڈل کے ساتھ حاصل کی، جس کے بعد انگریزی لسانیات میں دوسری ماسٹرز ڈگری اور پھر ایم فل انگریزی لسانیات مکمل کیا۔
ان کی علمی کامیابیوں کا ایک اور قابلِ ذکر پہلو یہ ہے کہ ان کی پی ایچ ڈی تحقیق ایک اعلیٰ درجے کے W-کیٹیگری جرنل میں شائع ہوچکی ہے، جو ان کے تحقیقی سفر کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ ڈاکٹر الطاف حسین نے اپنی ڈاکٹریٹ کی تحقیق پروفیسر ڈاکٹر محمد فرید کی زیرِ نگرانی مکمل کی، جو ایک ممتاز محقق ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، علمی بصیرت اور تحقیقی خدمات کے باعث علمی حلقوں میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
نیلم کی ایک دور افتادہ وادی کے چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر گولہ باری میں اپنی ٹانگ کھونے، زندگی کی ایک بڑی آزمائش سے گزرنے، پھر بھی ہمت نہ ہارنے اور بالآخر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے اور بین الاقوامی سطح کے تحقیقی جریدے میں اپنی تحقیق شائع کروانے تک کا یہ سفر یقیناً غیر معمولی ہے۔
ڈاکٹر الطاف حسین کی داستان اس حقیقت کی جیتی جاگتی مثال ہے کہ حالات انسان کے جسم کو زخمی کرسکتے ہیں، مگر اگر ارادے مضبوط ہوں تو وہ اس کے حوصلے کو شکست نہیں دے سکتے۔
ان کی زندگی نوجوانوں، خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ایک روشن پیغام ہے کہ منزل کتنی ہی دور ہو، راستہ کتنا ہی دشوار ہو اور حالات کتنے ہی سخت کیوں نہ ہوں، عزم، تعلیم، محنت اور حوصلے کے ساتھ انسان اپنی تقدیر کا رخ بدل سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ماہرہ خان نے مداحوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، دوسرے بچے کی آمد متوقع















