کراچی (اے بی این نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے دوسرے بچے کی امید سے ہیں۔
’ہمسفر‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جیسی کامیاب فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر ایک دلکش تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے بے بی بمپ کو سہارا دیے ہوئے نظر آئیں۔

اداکارہ نے تصویر کے ساتھ جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔ ماہرہ خان نے لکھا، ’’ہم منصوبے بناتے ہیں، اور پھر اللہ کا منصوبہ سامنے آتا ہے۔‘‘ انہوں نے پیغام کے ساتھ سفید دل کا ایموجی بھی شامل کیا۔
ماہرہ خان کے دوسرے بچے کی متوقع پیدائش کی خبر ان کے پہلے بیٹے اذلان کی پیدائش کے تقریباً 17 سال بعد سامنے آئی ہے۔ اذلان ان کے سابق شوہر علی عسکری سے ہیں۔
اداکارہ نے 2023 میں بزنس مین سلیم کریم سے شادی کی تھی اور اب وہ اپنے موجودہ شوہر کے ساتھ دوسرے بچے کی آمد کی منتظر ہیں۔
ماہرہ خان نے رواں سال ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (TIFF) میں بھی شرکت کی، جہاں ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنیں۔
خوشخبری سامنے آنے کے بعد ماہرہ خان کے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اداکارہ اور ان کے خاندان کے لیے دعاؤں اور محبت بھرے پیغامات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان کے حوالے سے 2024 میں بھی حمل کی قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں، تاہم اس وقت اداکارہ نے ان افواہوں کی تردید کی تھی۔ اب ان کے حالیہ اعلان کے بعد دوسرے بچے کی متوقع آمد کی خبر کی باضابطہ تصدیق ہوگئی ہے۔
مزیدپڑھیں: فاسٹ بولر محمد عباس نے وسیم اکرام کا 27 برس پرانا ریکارڈ برابر کردیا















