اہم خبریں

ملک میں طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل، موسم سے متعلق اہم پیشگوئی

اسلام آباد: پاکستان میں بارش برسانے والا طاقتور مغربی موسمی نظام داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش، برفباری اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم کراچی کے موسم میں فی الحال کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں کی جا رہی۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 14 نومبر تک ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں موسم بنیادی طور پر گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری بتایا گیا ہے۔

شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ ہوا، جبکہ شمال مشرقی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ پیشگوئی کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب کاغان ویلی، بٹہ کنڈی، بیسر، بابوسر ٹاپ، جھیل سیف الملوک، جھیل لولوسر، چترال اور بروغل کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سفید چادر بچھ گئی ہے۔ ان مقامات پر موسم سرما کی آمد کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہونے کا امکان ہے۔
اسموگ میں کمی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کی شدت کم ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ تاہم پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ میدانی علاقوں میں دھند چھانے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ خبریں