اسلام آباد (رضوان عباسی )چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے اور انتخابی عمل کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹر لسٹوں اور انتخابی امور سے متعلق الیکشن ایکٹ 2019 اور اس سے قبل کے قوانین کے تحت ایک ہی مشترکہ ووٹر لسٹ کا نظام موجود ہے اور الیکشن کمیشن کو قانون میں ترمیم کا اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کو باقاعدہ طور پر خط لکھا گیا ہے تاکہ ضروری قانون سازی کے ذریعے درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر آرڈیننس کا مسودہ بھی بھیجا گیا ہے جو اس وقت لا ڈپارٹمنٹ کے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے بعد پاکستان میں رائج طریقہ کار کی روشنی میں ووٹر لسٹوں کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ انتخابی عمل شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کے لیے ایک جامع ایکشن پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت حلقہ بندیوں، ووٹر اندراج اور دیگر انتظامی امور کے لیے مختلف مراحل مقرر کیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق یکم اپریل تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے شہری ووٹر کے طور پر اندراج کروا سکتے ہیں اور سیاسی جماعتوں کی تجاویز کی روشنی میں ووٹوں کے اندراج کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں بعض اوقات خاندانی ریکارڈ یا دیگر وجوہات کی بنا پر مسائل سامنے آتے ہیں، اس لیے سیاسی جماعتوں اور مقامی قیادت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ووٹر رجسٹریشن اور تصدیق کے عمل میں تعاون کی ترغیب دیں تاکہ کسی بھی شہری کا حق رائے دہی متاثر نہ ہو۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے تعاون سے مقامی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو ووٹر لسٹوں سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل میں مدد فراہم کریں گی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ ان کمیٹیوں کے لیے اپنے نمائندوں کے نام جلد از جلد فراہم کریں تاکہ انتخابی عمل کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن مقررہ آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق انتخابات کے انعقاد کا پابند ہے اور مقررہ وقت پر انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں :ایران کی بڑی کارروائی، امریکہ کو بھاری جانی ومالی نقصان















