واشنگٹن (اے بی این نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی کے معاملات سے الگ کرتے ہوئے انہیں امریکا کے داخلی امور پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے توجہ ہٹا کر ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم، فراڈ اور کرپشن کے خلاف مہم پر توجہ دینے کا کہا ہے۔
یہ پیش رفت امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہِ راست امن مذاکرات کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے ریپبلکنز کی مڈٹرم انتخابات میں شکست کی ایک بڑی وجہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو قرار دیا تھا۔ انہیں 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے بھی مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے۔دوسری جانب صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، اب وہ وقت گزر چکا ہے۔
ان کے بقول امریکا کے پاس ایران سے متعلق اہم مالی اور تزویراتی فوائد موجود ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز بھی ان کے بیان کا حصہ تھی۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے جے ڈی وینس کو امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف مہم کی قیادت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی صدر کا دعویٰ تھا کہ مبینہ فراڈ اور کرپشن کے خاتمے سے ملکی بجٹ کو تیزی سے متوازن بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کا یہ تازہ بیان ایران کے معاملے پر ان کے سابقہ مؤقف سے مختلف دکھائی دیتا ہے، کیونکہ اس سے قبل وہ اشارہ دے چکے تھے کہ امریکی انتخابات کے بعد ایران معاہدے کے لیے زیادہ آمادہ ہو سکتا ہے۔
اس پیش رفت سے امریکی انتظامیہ میں نائب صدر جے ڈی وینس کے خارجہ پالیسی کردار اور ایران کے ساتھ ممکنہ سفارتی مذاکرات کے مستقبل کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں: آج بروز جمعہ 13 نومبر صرافہ بازار میں سونے کی نئی قیمت















