اہم خبریں

آئی سی سی نے مینز ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی،بھارت کا انوکھا ریکارڈ

دبئی (اے بی این نیوز      )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مینز ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے بعد عالمی کرکٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ تازہ رینکنگ کے مطابق بھارتی بلے باز ابھیشیک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس 875 ہو گئے ہیں جس سے ان کی ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مرتبہ پہلی بار بھارتی بیٹنگ جوڑی نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بیک وقت پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایشان کشن نے حالیہ میچوں میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بڑی چھلانگ لگائی اور وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کی مسلسل عمدہ اننگز کے باعث انہیں ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے کا بھی موقع مل سکتا ہے۔

پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں تاہم وہ اب بھی عالمی سطح پر ٹاپ بلے بازوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل سال 2022 میں پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی دو پوزیشنیں حاصل کر کے اہم اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

دیگر بلے بازوں کی بات کی جائے تو نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ چار درجے ترقی کے بعد اپنے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے جیکب بیتھل نے شاندار سنچری کی بدولت بڑی چھلانگ لگائی اور وہ کیریئر کی بہترین 16ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسی طرح پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سنجو سیمسن بھی ترقی پا کر 22ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

بولنگ رینکنگ میں بھی اہم تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ افغانستان کے راشد خان ایک بار پھر نمبر ون بولر بن گئے ہیں اور انہوں نے ٹاپ پوزیشن پر واپسی کر لی ہے۔ انگلینڈ کے عادل راشد ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ بھی ایک درجہ بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ اکسر پٹیل، ہاردک پانڈیا اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نے بھی بولنگ رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے جس کے بعد عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مقابلہ مزید دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :امریکہ کا حملہ ناکام، مجتبیٰ خامنہ ا ی اور ایرانی صدر محفوظ،جا نئے اپ ڈیٹ

متعلقہ خبریں