اسلام آباد ( اے بی این نیوز) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ مذاکرات میں پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم لیوی سے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں آئی ایم ایف وفد اور پیٹرولیم ڈویژن کے درمیان مذاکرات ہوئے، جن میں حکومتی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری پالیسی نے کی۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف وفد کو موجودہ گیس نرخوں کے ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی۔ پیٹرولیم ڈویژن نے تجویز دی کہ گیس کے نرخوں کا ڈھانچہ ہدفی سبسڈی کی بنیاد پر مرتب کیا جائے۔
مذاکرات میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں اور عوام پر عائد مالی بوجھ بھی زیر بحث آیا۔ پیٹرولیم ڈویژن نے آئی ایم ایف وفد کو آگاہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر 80،80 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ لیوی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی اتار چڑھاؤ کے اثرات بھی صارفین تک منتقل ہوتے ہیں۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ مسلسل جاری ہے، جبکہ وزارت توانائی کی جانب سے موجودہ نرخوں اور پیٹرولیم لیوی سے متعلق نوٹیفکیشنز بھی جاری کیے جاتے رہے ہیں۔
ًمزید پڑھیں:اٹک، پولیس چوکی میں خاتون ٹک ٹاکر کی فائرنگ، مقدمہ درج















