اہم خبریں

سرکاری ڈاکٹروں کے لیے بڑی خوشخبری، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

سرکاری ڈاکٹروں کے لیے بڑی خوشخبری، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

پشاور ( اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے احتجاج کے بعد صوبائی حکومت نے ہڑتال کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے ڈاکٹرز اور ٹرینیز کے لیے 15 فیصد اضافی وظیفے کا اعلان کردیا۔

محکمہ صحت کے مطابق ہڑتال میں حصہ نہ لینے اور دوران احتجاج اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے ڈاکٹرز کو 15 فیصد اضافی وظیفہ دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (پی جی ایم آئی) نے ہڑتال کے دوران ڈیوٹی کرنے والے میڈیکل آفیسرز کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔

میڈیکل ٹیچنگ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرینیز کی فہرستیں دو روز کے اندر فراہم کی جائیں۔ فہرست میں ٹرینی کا نام، شعبہ، تربیتی سطح اور ڈیوٹی شروع کرنے کی تاریخ درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ہڑتال کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے ٹرینیز کے سپروائزر کا نام بھی فہرست میں شامل کیا جائے گا، جبکہ ٹرینیز کی حاضری اور ڈیوٹی سے متعلق معلومات کی تصدیق متعلقہ شعبے کے چیئر سے کرانا ہوگی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ہڑتال کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے ٹرینیز ہی 15 فیصد اضافی وظیفے کے حقدار ہوں گے۔ ڈیوٹی نہ دینے والے ٹرینیز کا اضافی 15 فیصد وظیفہ تنازع حل ہونے تک زیرِ التوا رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ اداروں میں ٹرینی میڈیکل آفیسرز اور ہاؤس آفیسرز کے احتجاج کا معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے طبی خدمات کی فراہمی برقرار رکھنے پر زور دیا جاتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا ردوبدل، نئی قیمتیں مقرر

متعلقہ خبریں