اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے دو خلا بازوں کے ہمراہ شین ژو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے۔ وہ زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بن گئے ہیں، جبکہ چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہوں گے۔

چین کا شین ژو 24 خلائی جہاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے روانہ ہونے والے خلائی جہاز نے کامیابی سے اپنے مقررہ مدار میں داخل ہو کر مشن کا اہم مرحلہ مکمل کر لیا۔
اس تاریخی خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے ساتھ چین کے خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شامل ہیں۔ ذیشان علی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ روانگی سے قبل شاندار الوداعی تقریب خلائی مشن کی روانگی سے قبل جیوچوان خلائی مرکز میں شاندار الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے جبکہ ہزاروں چینی شہری بھی اس تاریخی خلائی سفر کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس مشن کو پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
ذیشان علی خلا میں کیا کریں گے؟
پاکستانی خلا باز ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے، جہاں وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔مشن کے دوران تقریباً 90 سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں انجام دیے جانے کا منصوبہ ہے۔ ذیشان علی بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ سائنسی تجربات پر توجہ دیں گے اور بعد ازاں شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔

پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں نیا باب
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے تحت اس تاریخی مشن کی تیاری کے لیے پاکستانی امیدواروں نے چین میں خصوصی تربیت حاصل کی۔ ذیشان علی نے روانگی سے قبل اس مشن کو پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔ذیشان علی کی کامیاب خلائی پرواز پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے، جس سے عالمی سطح پر خلائی تحقیق کے میدان میں ملک کی نمائندگی کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے۔
مزیدپڑھیں: پاکستان میں دسمبر کے دوران شہریوں کو مسلسل 3 چھٹیاں ملیں گی، تاریخ سامنے آگئی















