راولپنڈی ( اے بی این نیوز) پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کے پیش نظر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کردیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 سیریز کا پہلا پریکٹس میچ کل 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سٹی ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک کو کم سے کم وقت کے لیے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ اسلام آباد سے آنے والی گاڑیوں کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو تین مختلف مقامات سے مرحلہ وار متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 315 سے زائد افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے تین مخصوص مقامات پر پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال اور متبادل راستوں سے متعلق شہریوں کو سرکاری سماجی رابطوں کے صفحات اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے مسلسل آگاہ کیا جائے گا۔
سی ٹی او فرحان اسلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
مزید پڑھیں:مذاکرات کے دوران حکومت سے دو اہم نکات پر بات چیت ختم،سلمان اکرم راجا















