اسلام آباد (اے بی این نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کے خلاف احتجاج کی کال کے بعد اسلام آباد کے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کے خلاف احتجاج کی کال کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ریڈ زون میں کنٹینرز منگوائے گئے ہیں اور اہم راستوں کو بند کرنے کی تیاریاں جاری ہیں جب کہ کل ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پارلیمنٹ، ڈپلومیٹک انکلیو اور اہم سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ریڈ زون اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔
حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:امریکا کو اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے والا ملک سامنے آگیا















