اہم خبریں

پی سی بی اور پی ایچ ایف کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے الزامات سامنے آ گئے

اسلام آباد(اوصاف نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے الزامات سامنے آ گئے ہیں، جن کے بارے میں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدامات فیڈریشن کے آئندہ انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کے قریبی عزیز زاہد پیرزادہ کو بطور منیجر قومی ہاکی ٹیم کے ہمراہ آسٹریلیا روانہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تقرری مخصوص انتخابی نتائج حاصل کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

دوسری جانب عدالت کے حکم پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کی تیاری جاری ہے اور ہاکی کلبز کی اسکروٹنی کا عمل بھی جاری ہے۔ ذرائع کا الزام ہے کہ زیادہ تر من پسند کلبز کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے، جس کے بعد مطلوبہ نتائج سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان نے ڈائریکٹر جنرل کے قریبی رشتہ دار کے بطور منیجر قومی ٹیم کے ہمراہ جانے کی تصدیق کی ہے، تاہم الزامات سے متعلق باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ الزامات پر متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ ردعمل کا انتظار ہے۔
مزید پڑھیں‌:چاند نظر نہیں آیا روزہ 19فروری کو ہو گا

متعلقہ خبریں