اسلام آباد ( اے بی این نیوز )احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے دونوں ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ جاری حکم نامہ کے مطابق
نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔تفتیشی افسر کے مطابق تفتیش میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے لیکن تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی۔
تفتیشی افسر کے مطابق بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق دونوں ملزمان کو سوال نام فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کی جانب سے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان سے کچھ گواہان اور دستاویزات سے متعلق جرح کرنا باقی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان سے مال مقدمہ کی برآمدگی بھی باقی ہے۔ وکیل صفائی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی ہے۔
وکیل صفائی کی جانب سے مناسب جسمانی ریمانڈ دیا جا چکا ہے، تحققیات میں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ تفتیشی افسر کی جانب سے تفتیش میں پیشرفت دکھائی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم کے اے ڈی سی، جیولری سیٹ کے خریدار اور پروٹوکول اسٹاف کے بیانات ابھی باقی ہیں۔
ان تمام افراد کے بیانات کی روشنی میں ملزمان سے جرح کی جانی ہے۔ توشہ خانہ جیولری سیٹ کی برآمدگی، ملزمان کے جوابات بھی ابھی باقی ہیں۔ اس صورتحال میں ملزمان کا مزید 11 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔
تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔ ملزمان کو 19 اگست کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کے خلاف 9 مئی کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی تشکیل