لاہور(نامہ نگارخصوصی)پنجاب بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر باقاعدہ مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر این آئی ڈی EOC انچارج ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خضر افضال اور ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم 16 جنوری سے 22 جنوری تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران 2 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا کہ اس مہم میں تقریباً 2 لاکھ پولیو ورکرز شریک ہوں گے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں پنجاب میں کوئی پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا جو انسداد پولیو پروگرام کا نمایاں کارنامہ ہے۔ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا کہ لاہور، راولپنڈی، بہاولپور اور سیالکوٹ سے حاصل کردہ سیوریج سے وائرس کی موجودگی تشویشناک ہے۔والدین کو چاہیے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر دائمی معذوری سے بچائیں۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ محکمہ صحت نے بین الصوبائی آبادیوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے داخلہ راستوں پر خصوصی پوائنٹس قائم کئے ہیں۔اس موقع پرپراجیکٹ ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر خلیل سخانی اور انسداد پولیو ڈونرز پارٹنرز بھی موجود تھے۔















