کراچی (اے بی این نیوز) سندھ کی ممکنہ تقسیم کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سندھ اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کا ہنگامی اجلاس 28 اگست کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے، جبکہ پیپلزپارٹی کے تمام ارکان کو بھی جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے تمام ارکان کو نماز جمعہ کے بعد شام 4 بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ارکان کو پارلیمانی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں لازمی شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پیپلزپارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں سندھ کی ممکنہ تقسیم کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے تمام ارکان سندھ اسمبلی پہنچیں گے، جہاں سندھ کی وحدانیت اور سالمیت کے حق میں قرارداد پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق قرارداد وزیر اعلیٰ سندھ پیش کریں گے، جبکہ پیپلزپارٹی کے ارکان کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے گھر سوگ کی فضا، لیگی رہنما غمزدہ















