آسٹریلیا نے افغانستان کے منہ سے یقینی فتح چھین لی،3وکٹوں سے فاتح قرار

ممبئی(نیوزڈیسک)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 292 رنز کا ہدف 47 ویں اوور گلین میکسویل کی شاندار ڈبل سینچری کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل افغانستان کی ممکنہ شاندار فتح کے سامنے دیور بن کر کھڑے ہوگئے۔
انجری کا شکار ہونے کے باوجود انہوں نے افغان بولرز کو تگنی کا ناچ نچایا اور وکٹ کے چاروں طرف خوب صورت شاٹس کھیل کر ڈبل سینچری سکور کی۔
انہوں نے 128 گیندوں پر 201 بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
ایک وقت میں آسٹریلیا کی سات وکٹیں 91 رنز پر گر گئی تھی اور لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم جلدی پویلین لوٹ جائے گئی۔ اس وقت سے میکسویل کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ آسٹریلیا کی میچ جیتنے کی امیدیں قائم و دائم رکھے ہوئے ہیں۔
میکسویل شاندار سینچری سکور کرکے کریز پر کھڑے ہیں۔ میکسویل اور کمنز کے درمیان سو رنز سے زائد کی شراکت قائم ہوئی ہے۔
منگل کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر ابراہیم زدران نے سینچری سکور کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 129 رنز بنائے جبکہ راشد خان نے 35 اور رحمت شاہ نے 30 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے جوش ہیزل وُڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ میں آٹھواں میچ ہے۔
اس میچ کے آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد سٹیو سمتھ کی جگہ مچل مارش اور کیمرون گرین کی جگہ گلین میکسویل کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اسی طرح آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے جس کے بعد فضل حق فاروقی کی جگہ نوین الحق کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک ون ڈے کرکٹ میں تین میچ ہو چکے ہیں جس میں تینوں مرتبہ آسٹریلیا کو جیت حاصل ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے یہ میچ جیتنا بہت اہم ہے۔
ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 5 میچوں میں جیت کے ساتھ 10 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ افغانستان 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔