پشاور ( اے بی این نیوز)پشاور کی کنزیومر کورٹ نے جوتوں کے معروف برانڈ اینڈیور کے خلاف صارفین کے حقوق سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے شاپنگ بیگ کے 20 روپے وصول کرنے پر کمپنی کو صارف کی رقم واپس کرنے اور 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک شہری نے پشاور میں اینڈیور کے آؤٹ لیٹ سے جوتے خریدے اور اسٹور انتظامیہ نے برانڈ کے لوگو والے شاپنگ بیگ کی مد میں بل میں 20 روپے اضافی وصول کیے۔
شہری نے اضافی رقم کی وصولی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کنزیومر کورٹ سے رجوع کیا اور موقف اختیار کیا کہ کمپنی کے تشہیری لوگو والے شاپنگ بیگ کی قیمت صارف سے وصول نہیں کی جانی چاہیے۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد قرار دیا کہ برانڈ کا لوگو لگا شاپنگ بیگ کمپنی کی تشہیر کا ذریعہ ہے اور صارفین کو کمپنی کی مارکیٹنگ کے لیے ادائیگی پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے اس عمل کو غیر منصفانہ تجارتی طریقہ قرار دیتے ہوئے اینڈور کو حکم دیا کہ متاثرہ شہری کو 20 روپے واپس کیے جائیں، جبکہ کمپنی پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
اس فیصلے کو صارفین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے کاروباری اداروں کو یہ پیغام ملتا ہے کہ صارفین سے اضافی اور غیر منصفانہ وصولیوں پر قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔
یہ فیصلہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ صارفین اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے معمولی رقم کی غیر قانونی وصولی پر بھی قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بڑی پیش رفت، 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط















