ایشیاکپ اور ورلڈکپ کی تیاریاں’’پاکستانی کرکٹ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی‘‘مکی آرتھر

لاہور(اے بی این نیوز) ایشیاکپ اور ورلڈکپ کی تیاریاں، ڈائریکٹر پاکستانی کرکٹ ٹیم مکی آرتھرنے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریزکیلئے پاکستانی ٹیم میںزیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔ورلڈکپ مقابلوں کے حوالے سے پاکستان کے خدشات کے بارے میں پوچھا گیا تو نکی آرتھر نے کہا کہ وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے بحث و مباحثے ہوئے لیکن ٹیم کسی بھی مقام پر کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ عماد وسیم، شعیب ملک، محمد عامر، حارث سہیل اور عمر اکمل جیسے کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں پوچھے جانے پر قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا کہ گروپ کے کچھ کھلاڑیوں ٹیم میں شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے تاہم خاص طور پر کسی نام کا انتخاب نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں کھیلے گئے اسکواڈ کے مقابلے میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی، سیریز میں 20 کے قریب کھلاڑی تھے تاہم ہمیں 15 پلئیرز سلیکٹ کرنا ہیں۔گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے دو لیگ میچوں کے مقامات کو تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔بورڈ نے 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان سے شیڈول میچ کے مقامات کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ 20 اکتوبر کو بنگلورو آسٹریلیا کے بجائے افغانستان سے جبکہ 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان کے بجائے آسٹریلیا میچ کروایا جائے۔واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔