ایشیاکپ؛ ہائبرڈ ماڈل یا نیوٹرل وینیو! فیصلہ آج متوقع

لاہور(اے بی این نیوز)پی سی بی کا مجوزہ ہائبرڈ ماڈل قبول یا پورا ایونٹ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا فیصلہ اتوار کو متوقع ہے۔رواں سال ستمبر میں ہونے والے ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کو دی گئی تھی مگر بھارتی بورڈ نے ٹیم بھجوانے سے صاف انکار کر دیا، یوں ایک انتہائی پیچیدہ صورتحال سامنے آئی، سیکریٹری بی سی سی آئی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے تو ڈھٹائی سے کام لیتے ہوئے پی سی بی سے مشاورت کیے بغیر تاریخوں کا اعلان بھی کر دیا، البتہ اس میں میزبان کا کوئی ذکر نہ تھا۔پی سی بی کی جانب سے پہلے تو سخت موقف اختیار کیا گیا کہ بھارتی ٹیم ایشیاکپ کھیلنے پاکستان نہیں آئی تو ہم بھی ورلڈکپ میں شرکت کیلیے بھارت نہیں جائیں گے،بعد ازاں درمیانی راستہ نکالتے ہوئے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کردیا، اس میں پہلے صرف بھارت کے مقابلے پاکستان سے باہر کرانے کا کہا گیا پھر چند روز بعد ابتدائی 4 کے سوا دیگر میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز دی گئی،اس حوالے سے یواے ای کا نام لیا گیا تو اس پر بھی اعتراضات سامنے آئے کہ ستمبر میں وہاں سخت گرمی ہوگی۔