ٹوئٹر کی جانب سے صارفین کو آمدن میں سے حصہ دینے کا اعلان

نیویارک(نیوزڈیسک)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے کہا ہے کہ ویڈیوز بنانے والوں کو اشتہارات سے ہونے والی کمائی میں حصہ دیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کمپنی نے اعلان کیا کہ ویڈیوز بنانے والوں کو اُن اشتہارات کی کمائی میں حصہ ملے گا جو پوسٹ کے ریپلائز میں ظاہر ہو رہے ہوتے ہیں تاہم صرف تصدیق شدہ اکاؤنٹس اس کے اہل ہوں گے اور جن کی پوسٹس گزشتہ تین ماہ میں 50 لاکھ مرتبہ دیکھی جا چکی ہوں۔ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ ادائیگی کے لیے صارف کا سٹرائپ پر اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے۔کمپنی کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ویڈیوز بنانے والوں کو پلیٹ فارم کی جانب راغب کیا جائے۔سوشل میڈیا کمپنی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ صارفین کو ٹوئٹر سے براہ راست کمانے میں مدد فراہم کرتے ہوئے کریٹر ایڈز ریوینیو شیئرنگ کے نام سے پروگرام لانچ کر دیا ہے۔ٹوئٹر نے کہا کہ رواں ماہ میں ہی اس پروگرام کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور تمام اہل صارفین اس کے لیے اپلائی کر سکیں گے۔یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں بھی ٹوئٹر نے صارفین کو اجازت دی تھی کہ وہ اپنے شائع کیے گئے ویڈیوز مواد کو سبسکرائب کروا کر پیسے کما سکتے ہیں۔ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کہا تھا کہ سبسکرپشن فیس سے ہونے والی کمائی کا پورا حصہ پہلے سال میں ویڈیوز بنانے والوں کو ملے گا۔