ناسا کی مریخ پر رضاکاروں کو بھیجنے کی تیاری اختتامی مراحل میں داخل

نیویارک (نیوزڈیسک)ناسا کی جانب سے مریخ پر رضاکاروں کو بھیجنے کی تیاری اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی ،رضاکاروں کے لئے مریخ کی نقل کرتے ہوئے ایک خاص تجربہ گاہ قائم کردی گئی ہے، جہاں وہ ایک سال گزارنے کے بعد مریخ پر جانے کے لئے تیار ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مریخ پر ایک سال گزارنے والے 4 رضاکاروں میں سے ایک کینیڈین ماہر حیاتیات کیلی ہیسٹن کا کہنا تھا کہ مریخ پر زندگی بسر کرنا کبھی بھی میرا خواب نہیں تھا لیکن میں اس کی تیاری کر رہی ہوں اور یہ ابھی بھی مجھ غیر حقیقی لگتا ہے،ناسا نے انتہائی احتیاط سے 4 رضاکاروں کا انتخاب کیا ہے، جو رواں سال جون کے اختتام پر آئندہ 12 ماہ کے لئے ایک خاص طویل مدتی مشق کا حصہ ہونگے، جہاں انہیں مریخ پر زندگی بسر کرنے کے تجربے سے گزارا جائے گا۔ناسا نے ان رضاکاروں کو مستقبل میں مریخ پر بھیجنے سے قبل ایک خاص طویل مدتی مشق کا اہتمام کیا ہے، جس کے ذریعے الگ تھلگ اور محدود ماحول میں ان رضاکاروں کے رویے کا اندازہ لگا سکیں۔