فیصل آباد(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے کہاہے کہ بلاول بھٹو کو بلوچستان والی لیول پلیئنگ فیلڈ مبارک ہو، فواد چوہدری وغیرہ نے الیکشن نہیں لڑنا وہ خود ہی گرفتاریاں دے رہے ہیں۔9 مئی کو حملے کرنے والے اپنی سزا بھگت رہے ہیں، توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کی چوری ہم نے نہیں کروائی۔فیصل آباد میں عابد شیر علی نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 102 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔عابد شیر علی نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن لازمی ہوں گے اور 8 فروری کو ن لیگ جیت رہی ہے، نواز شریف کا بیانیہ جیتے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کو لانے والوں اور پاکستان نے اس کا خمیازہ بھگتا، جب جب ملک کو ضرورت پڑتی ہے ن لیگ ہی عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔















