پشاور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کا انتخابی نشان فائنل ہوگیا ہے ہم پگڑی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے،ہماری پارٹی بھی رجسٹرڈ ہوگئی ہے،ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا انتخابی نشان کا فیصلہ کرے گا، الیکشن کمیشن الگ اور خودمختار ادارہ ہے فیصلہ جلد سامنے آجائے گا۔جمعہ کو نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ سب جماعتیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے کوششیں کررہی ہیں، انھوں نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے میری بھی بات چیت چل رہی ہے، میں نے ضلع میں جو ہمارے سیاسی رہنماء الیکشن لڑ رہے ہیں انھیں بات چیت کا اختیار دیا ہے کیونکہ حلقے کی سیاست وہ زیادہ بہتر جانتے ہیں اوپر سے میں زیادہ ڈکٹیشن نہیں دینا چاہتا ،ان کا کہنا تھا کہ حقیقت مقامی الیکشن لڑنے والوں کو ہی پتہ ہوتی ہے، وہی بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں۔















