اہم خبریں

عالمی برادری کا پاکستان سے بھرپور تعاون ملک کے روشن مستقبل اور اہمیت کو واضح کرتا ہے، طاہر اشرفی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور عالمی برادری کا پاکستان سے بھرپور تعاون پاکستان کے روشن مستقبل اور اہمیت کو واضح کرتا ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ مالی تعاون اور سرمایہ کاری کا اعلان دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کے مزید استحکام اور مضبوطی کی دلیل ہے۔ یہ بات انھوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے سربراہ الشیخ محمد بن زید کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ تعاون وزیراعظم محمد شہبا زشریف کے عالمی برادری اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ صبح و شام رابطوں اور پاکستان کی حقیقی تصویر کو پیش کرنے کی وجہ سے ملا ہے۔ پاکستان کی سیاسی و مذہبی قیادت کو ملک میں سیاسی استحکام لانے کی طرف توجہ دینی چاہیے ۔ مذاکرات کا راستہ اختیار کر کے مسائل کو حل کرنا چاہیے ۔ اسمبلیاں تحلیل کرنا مسائل کا حل نہیں ہے ۔ صدر مملکت کو ایک بار پھر مذاکرات کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔

متعلقہ خبریں