ورچوئل جلسہ،کپتان کے خطاب کیلئے مصنوعی ذہانت کے استعمال کاانکشاف

نیویارک(نیوزڈیسک)بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف کے ’’ورچوئل‘‘ جلسے کے دوران عمران خان کی تقریر کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا اور لگ بھگ چار منٹ کا جو کلپ پی ٹی آئی کے حامیوں نے سنا اس میں عمران خان کی آواز ’’اے آئی کلون‘‘ کی تھی۔فرانسیسی اور برطانوی میڈیاکی جانب سے اس انکشاف کے بعد کئی سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کے سوشل میڈیا عہدیدار جبران الیاس نے خود بھی یہ ویڈیو کلپ اتوار کے روز شیئر کیا تھا اوروضاحت کی تھی کہ یہ مصنوعی ذہانت سے تیارکیا گیا ہے۔بظاہر اس کلپ کے شروع میں ایک جملہ عمران خان کی اصل ویڈیو سے لیا گیا جس میں وہ اپنے روایتی انداز میں آغاز کرتے ہیں۔ اس کے بعد اسکرین پر تصاویر اور پرانی ویڈیوز آجاتی ہیں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ آواز شروع ہو جاتی ہے۔