اسلام آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن)کے قائد وسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی مری میں خفیہ ملاقات۔ذرائع کے مطابق جمعرات کے روزمسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نوازشریف کی مری میں واقع رہائش گاہ پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی،ذرائع نے بتایاکہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو کنٹرول روم سے وائرلیس پر پیغام دیا گیا کہ محسن نقوی کی فیملی مری آرہی ہے ان کے پروٹوکول کو ملحوظ خاطررکھا جائے،ذرائع کے مطابق پروٹوکول کا انتظام کیاگیا اور جب قافلہ مری پہنچا تو معلوم ہوا اس میں نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی فیملی نہیں بلکہ خود محسن نقوی موجود ہیں جو سیدھا مری میں واقع میاں نوازشریف کی رہائش گاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی،ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب کی صورتحال اوردیگرمختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیااور یہ ملاقات تقریباًدوگھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی،ملاقات کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اپنے سکواڈ کے ہمراہ واپس روانہ ہوگئے،اس اہم اورخفیہ ملاقات کے بعدمختلف حلقوں میں چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں کہ کیا عام انتخابات کے بعد پنجاب میں ن لیگ کی حکومت آتی ہے تو محسن نقوی کو ن لیگ کا کوئی بڑا سیاسی عہدہ یا اہم سرکاری ذمہ داریاں تفویض کی جائینگی تاہم یہ بھی گمان کیا جارہا ہے کہ مستقبل میں محسن نقوی کو ن لیگ کا پارٹی ٹکٹ بھی دیاجاسکتا ہے،ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ عام انتخابات میں ن لیگ کی جماعت اگرپنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی تو محسن نقوی کو اہم سرکاری عہدے پر براجمان کیاجاسکتا ہے،۔















