اسلام آباد(نیوزڈیسک)فلسطینی کاز کو دنیا بھر میں عوامی تائید حاصل ہوئی، فلسطینی شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ایران کا واضح موقف قابل تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار قومی القدس کمیٹی کے وفد نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی، رہنما مجلس وحدت المسلمین علامہ امین شہیدی، سیکرٹری جنرل جمعیت العلما پاکستان پیرصفدر گیلانی اور سابق سفیر ایاز وزیر شامل تھے۔آصف لقمان قاضی نے کہا کہ عوام اپنی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں، اب مسلمان ممالک کی حکومتیں عملی اقدامات اٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کو انسانی المیے سے بچانے کے لیے مسلمان حکومتیں قائدانہ کردار ادا کریں۔ علامہ امین شہید نے کہا کہ پوری دنیا میں ایک دن یکجا ہو کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا دن منایا جائے۔ پاکستان، ایران، ترکی، مصر، ملائیشیا اور سعودی عرب اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور متحد ہو کر اس بحران کو ختم کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ فلسطین کی صورت حال تاریخ کے ایک نازک موڑ سے گزر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے روزِ اوّل سے فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے القدس کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم کبھی بھی معاشی مفادات کے لیے القدس کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔















