تہران (اے بی این نیوز) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے پر ان کی مختلف رائے تھی لیکن صدر کی یقین دہانی اور عزم کے بعد انہوں نے اس کی منظوری دی۔
سرکاری میڈیا کی طرف سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ اس معاہدے پر ان کی رائے مختلف ہے لیکن صدرمسعود پزشکیان اور ان کی ٹیم نے ایرانی قوم اور مزاحمتی محاذ کے حقوق کے تحفظ کے لیے جس عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور واضح طور پر اس کی ذمہ داری قبول کی ہے، اس کے پیش نظر میں نے اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں امریکا کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئےکہا کہ اگر امریکا نے کسی قسم کی لالچ، ضد یا زیادتی کی کوشش کی تو ایران اس معاہدے کو کبھی قبول نہیں کرے گا اور اسے مسترد کردیا جائے گا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد ایک معاہدے پر پیش رفت ہوئی ہے لیکن ایرانی قیادت کا یہ واضح پیغام ظاہر کرتا ہے کہ تہران اپنے مفادات اور علاقائی پالیسیوں پر سمجھوتہ کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:ایران کیلئے خوشخبری،امریکا کے بڑے اقدام کے مثبت اثرات سامنے آگئے















