وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کے دوسرے اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) معاشی بحالی پلان کے اجرا اورحکومت پاکستان کی جانب سے سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس ۔آئی۔ایف۔سی) کے قیام کے تسلسل میں ایپیکس کمیٹی کا دوسرا اجلاس آج 21 جولائی2023 کو منعقد ہوا۔ وزیراعظم پاکستان کی زیرصدارت اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، وزراءاعلی، وفاقی و صوبائی وزرا اور اعلی حکام شریک ہوئے۔ ایپیکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی کارکردگی اور سیمینارز کے انعقاد اور منصوبوں کے افتتاح کے ذریعے ممکنہ سرمایہ کاروں تک رسائی کی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایپیکس کمیٹی نے وزراءکی جانب سے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے تیار کردہ مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے اختتام پر مفید گفتگو اور اتفاق رائے کے بعد وزیراعظم نے زراعت، حیوانات، معدنیات، کان کنی، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کے حصول کے لئے منصوبوں کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد اور انہیں عملی شکل دینے کے لئے دلچسپی دکھانے والے سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں۔