وزیراعظم شکایات سیل تک رسائی کو انتہائی آسان بنانے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا اجرا

اسلام آباد( اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر پارلیمانی امور او انچارج وزیر برائے وزیراعظم پبلک افیئرز اینڈ گریوہنسز ونگ مرتضی جاوید عباسی نے وزیراعظم شکایات سیل تک رسائی کو انتہائی آسان بنانے کے لئے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا اجرا کر دیا ہے ، ایک واٹس ایپ کال ، سوشل میڈیا میسیجز کے ذریعے عوام الناس وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی اداروں کے خلاف اپنے گھر بیٹھ کر شکایات کا اندراج کر سکیں گے ۔ جمعہ کو وزارت پارلیمانی امور میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی لانچنگ کی تقریب منعقد ہوئی ۔ وفاقی سیکرٹری وزارت پارلیمانی امور محمد شکیل ملک ، ایڈیشنل سیکرٹری آصف سعید خان لغمانی ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری شاہد احمد سندھو سمیت وزارت کے دیگر حکام بھی تقریب میں شریک تھے ۔ وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوامی سہولت کے لئے وزیراعظم پبلک افیئرز اینڈ گریوہنسز ونگ نے فیس بک ، انسٹا گرام اور واٹس ایپ پلیٹ فارمز قائم کر دیئے ہیں جن کا آج باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، یہ تمام پلیٹ فارم 24/7 شہریوں کو شکایات کے اندراج کے لئے دستیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر بیٹھ کو عوام الناس 03108151766 پرواٹس ایپ کال یا میسج کے ذریعے وفاقی وزارتوں ، ڈویژنوں ، کارپوریشنز اور صوبائی محکموں کے خلاف اپنی شکایات درج کراسکیں گے ، ان شکایات کی پڑتال کے بعد متعلقہ محکمے سے رجوع کر کے مقررہ مدت کے اندر شکایت کے حل کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عظم شہباز شریف کی ہدایات پر” وزیراعظم عوامی امور و شکایات ونگ” کو مزید فعال بنانے کے لئے یہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ تما م شکایات کے بروقت ازالے کے لئے وفاقی اداروں اور صوبائی حکومتوں میں فوکل پرسنز تعینات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے تا کہ ان اداروں میں وزیراعظم شکایات سیل سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایات ازالہ کے بعد تصدیقی عمل کو مزید شفاف بنایا جارہا ہے، راولپنڈی ، لاہور اور پشاور میں ونگ کی جانب کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا اس میں پہلے سے جمع کرائی گئی درخواستوں کو نمٹانے کے علاوہ موقع پر سینکڑوں درخواست گذاروں کی درخواستیں بھی وصول کی گئیں اور ان کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ معاملات اٹھائے گئے ہیں ۔ انہوں نے لاہو کھلی کچہری میں ایک درخواست گزار کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شہری نے بتایا کہ میری بیٹی کو حبس بے جا میں رکھا گیا گیا اس پر فوری طور پر پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور اس بچی کو بازیاب کر الیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں کے بعد اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی ونگ کی جانب سے کھلی کچہریاں لگانے کے ساتھ ساتھ اداروں کے اندر قائم شکایات سیل کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے بارے میں غلط بیانی کرنے والے اداروں کے افسران کے خلاف ونگ کی جانب سےتادیبی کارروائی کی سفارش کی جائے گی، شکایات کے فوری ازالے میں تاخیر اور رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو شکایات اور انکے ازالے بارے باقاعدگی سے آگاہ کرتے ہیں،ہمیں حکومت کی ذمہ داری ملی تو شکایات سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ، وزیر اعظم کی ہدایت تھی کہ لوگوں کی شکایات جلد از جلد حل کی جائیں ، مقصد صرف شکایات کا حل نہیں تھا بلکہ عوام کو مطمئن بھی کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 11471 شکایات موصول ہوئیں ،11280 شکایات حل کی گئیں جبکہ صرف 191 درخواستیں زیر التوا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات کے حل کو مزید تیز کرنے کے لئے میں نے فیصلہ کیا کہ ہفتے میں ایک دن وزارت پارلیمانی امور کے اندر بیٹھ کر عوام کی شکایات کو سنا کروں ، اس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شکایات سیل کی وجہ سے لوگوں کو ریلیف ملا ،70 فیصد شکایات کم ہوگئیں، محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ لوگوں کو دوبارہ شکایت کا موقع نہ ملے،شکایات سیل کی وجہ سے لوگوں کو ریلیف ملا ، اس پر وفاقی سیکرٹری محمد شکیل ملک کی قیادت میں وزیراعظم پبلک افیئرز اینڈ گریوہنسز ونگ کی کاشیں لائق تحسین ہیں ۔