اسکول سے باہر بچوں کی عالمی فہرست میں پاکستان سب سے اوپر

اسلام آباد (  اے بی این نیوز  )اقوام متحدہ کے چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کے ماہر تعلیم آصف ابرار نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسکول نہ جانے والے بچوں کی عالمی فہرست میں پاکستان سب سے اوپر ہے، لہٰذا حکومت کو والدین کو قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں تاکہ انرولمنٹ میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کا اسکول کے دوران بچوں کے ساتھ رویہ مثبت ہونا چاہیے، گزشتہ برس غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کے سبب بڑی تعداد میں ہجرت ہوئی اور اسکول کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ اسکول کلینڈر کا آغاز اگست میں ہوگا، انہوں نے والدین، اساتذہ، حکام محکمہ تعلیم اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ اسکول میں بچوں کی تعداد میں اضافے کے لیے کردار ادا کریں۔