مون سون بارشیں،متعلقہ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نےشوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہو نے والی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور سیاحوں/مسافروں کو بروقت معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ مون سون بارشوں اور اس کے متوقع امکانات کے حوالے سے این ای او سی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں پاک افواج، پی ایم ڈی، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن،پی ڈی ایم ایز، ڈیم اتھارٹیز، محکمہ آبپاشی، سپارکو، ریسکیو 1122 نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارشوں کے ممکنہ اثرات و سیلاب کے امکانات اور ریسکیو کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ محکمہ موسمیات اور این ای او سی کی انٹرنیشنل ماڈلز کی مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں اگلے 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے جس کے ممکنہ اثرات میں نشیبی و پہاڑی علاقوں میں سیلاب و لینڈ سلائیڈ، مشرقی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ اجلاس میں نالہ لئی میں طغیانی کے خدشہ کے پیشِ نظر پاک فوج اور ریسکیو 1122 ٹیمز کی تعیناتی اور لوگوں کے انخلاء کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب اور ریسکیو سروسز ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کے ہمراہ متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ پر رہیں۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ منگلا، تربیلا و سملی ڈیم میں پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل ہے۔ جی بی ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام راستے کلیئر کرنے کے لئے مشینری و عملہ مختلف جگہوں پر موجود اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور سیاحوں/مسافروں کو بروقت معلومات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے محکمہ موسمیات اور این ای او سی کو مون سون بارشوں کے اگلے سپیل کی پیشگی اطلاع اور ممکنہ اثرات پر تفصیلی رپورٹ بنانے کی ہدایت دی۔ سپارکو آبی ذخائر اور دریاؤں کی سیٹلائٹ کے ذریعے تقابلی جائزہ لینے کی ہدایت کی تا کہ حفاظتی اقدامات کئے جا سکے۔