وزیراعظم کا کشمیریوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اورحمایت کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کشمیریوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اورحمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام یوم الحاق کے موقع پر پاکستان، آزاد جموں و کشمیر، بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور دنیا کے دیگر حصوں میں مقیم کشمیریوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ دن 1947 میں سرینگر میں ہونے والے کنونشن میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی طرف سے ایک قرارداد کی منظوری کی یاد دلاتا ہے جس میں کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ضم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، جنوبی ایشیا میں کبھی بھی پائیدار امن حاصل نہیں کیا جا سکے گا اور اس کی حقیقی ترقی کی صلاحیت سے موقع نہیں اٹھایا جا سکے گا۔