توشہ خانہ کیس،چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب میں پیش ہونے سے معذرت ،جواب جمع

اسلام آباد(اےبی این نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔نیب میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ 19 جولائی کو عدالتوں میں پیش ہونا ہے تب ہی نیب کے سامنے پیش ہوسکتا ہوں، سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے لاہور سے اسلام آباد کم سفر کرتا ہوں۔یاد رہے کہ 3 دن قبل نیب نے چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف جاری توشہ خانہ انکوائری کوانویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا تھا۔ نیب نے گواہوں کے بیانات اورشواہد کی روشنی میں انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کردیا ہے۔نیب راولپنڈی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج (17) جولائی کو طلبی کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے، جس میں ان کو دن 10 بجے پیشی کی ہدایت کی ہدایت کی گئی تھی۔