دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے بعد ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بھی سیلابی ریلے میں کمی آگئی

لاہور(اے بی این نیوز) ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے بعد ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بھی پانی کی آمد میں کمی،دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،ہیڈ سلیمانکی میں پانی کی آمد 65480 اور اخراج بھی 65480 ہے۔پانی کا ریلا ہیڈ سلیمانکی سے ہیڈ اسلام کی جانب بڑھ رہا ہے،ریلا آئندہ 24 گھنٹوں میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پہنچے گا۔دریائے راوی ، چناب اور جہلم میں پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں،تمام اضلاع کو سیلاب میں استعمال ہونے والی مشینری و آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔لائف جیکٹس، خیمہ جات ، فوڈ ہیمپرز، سمیت ضروریات زندگی کی اشیاء بھی تمام اضلاع کو فراہم کی جا چکی ہیں۔پی ڈی ایم اے صوبہ بھر کی انتظامیہ کے ساتھ 24/7 رابطہ میں ہے۔پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سے تمام دریاؤں کی کڑی نگرانی جاری ہے ۔