اہم خبریں

بلاول بھٹو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے، آصف علی زرداری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 95یومِ ولادت پر اپنے بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ بھٹو 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں، ان کے مزار پر کروڑوں لوگ اپنے عقیدے کے مطابق دعاؤں کے تحفے ان کے نام کرتے ہیں، قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں،بھٹو نے 3 سال کی مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے 5 سال میں ایک نئے پاکستان کی تعمیر کی، ایٹمی صلاحیت کے لیے طاقتور قوتوں سے ٹکر لی،پاکستان بے مثال ترقی کی منزلیں طے کرنے لگا تو اقتدار کے لالچی ٹولے نے انتہائی حقیر مقاصد کی خاطر اپنے ملک پر قبضہ کر لیا۔ قبل ازیں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کی طاقت کی علامت تھے، ان کی جدوجہد اور قربانی لازوال ہے، بھٹو ایک نظریہ ہے، جسے مٹانے کی کوشش کرنے والے تاریخ میں بےنام و نشان خاک بن گئے، بھٹو کا نام آج بھی پاکستان کے گلی کوچوں سمیت دنیا کے کونے کونے میں گونجتا ہے، شہید بھٹو نے خلوص، تدبر، محنت سے ملک کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی لحاظ سے آگے بڑھایا، انہوں نے عوام کو سیاسی شعور دیا، بااختیار بنایا، ملک کو پہلا متفقہ آئین اور جوہری پروگرام دیا۔

متعلقہ خبریں