اسلام آباد (اے بی این نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو انسانی تاریخ کا بدترین سانحہ قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کو نو ماہ اس لیے کوکھ میں نہیں رکھتیں کہ کسی کی غفلت کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہی وہ زندہ جل جائیں۔
مائیں اپنے بچوں کو نو ماہ اس لئے کوکھ میں نہیں رکھتیں کہ کسی کی غفلت کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہی وہ زندہ جل جائیں، وفاقی دارالحکومت میں 14 نومولودوں کا جاں بحق ہونا انسانی تاریخ کا ایک بدترین سانحہ ہے، جن کی امیدوں کے چراغ روشن ہوتے ہی بجھادئیے گئے، وہ بے بس باپ انصاف مانگ رہے ہیں۔
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) August 26, 2026
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں 14 نومولود بچوں کا جاں بحق ہونا انسانی تاریخ کا ایک بدترین سانحہ ہے، جن کی امیدوں کے چراغ روشن ہوتے ہی بجھا دیے گئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ان بچوں کے بے بس والدین انصاف مانگ رہے ہیں، واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نومولود بچوں کی ہلاکت نے کئی خاندانوں کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کردیا ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ذمہ داروں کا احتساب اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
مزید پڑھیں:مصطفیٰ کمال کے سامنے احتجاج، سانحے کے ذمہ داروں پر قتل کا مقدمہ بنانے کا مطالبہ















