اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر خورشید اترا، ڈاکٹر نبیل اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
کمیٹی پمز ہسپتال میں آتشزدگی کی وجوہات اور واقعے کی مکمل ٹائم لائن کا تعین کرے گی، جبکہ ہسپتال کے عملے، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
انکوائری کمیٹی نومولود اور ہائی رسک بچوں کے انخلا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد، پمز میں فائر سیفٹی انفراسٹرکچر اور حفاظتی ضوابط کا بھی جائزہ لے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد اور ان کی ذمہ داری کا تعین کرے گی، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پمز کے انتظامی نظام میں اصلاحات سے متعلق سفارشات بھی پیش کرے گی۔
کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مکمل تحقیقات اور سفارشات پر مشتمل جامع رپورٹ 5 روز میں پیش کی جائے گی۔
وزارت قومی صحت کو انکوائری کمیٹی کو فوری طور پر نوٹیفائی کرنے اور تحقیقات کے لیے ضروری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر میں حکومت سازی پر اہم مشاورتی اجلاس شروع، بڑی پیش رفت متوقع















