اہم خبریں

شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کی طاقت کی علامت تھے ، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کی طاقت کی علامت تھے، ان کا نظریہ، جدوجہد اور قربانی لازوال ہے ۔ جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشہید ذوالفقار علی بھٹو کے 95یومِ ولادت کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو ایک نظریہ ہے، جسے مٹانے کی کوشش کرنے والے تاریخ میں بےنام و نشان خاک بن گئے، بھٹو کا نام آج بھی پاکستان کے گلی کوچوں سمیت دنیا کے کونے کونے میں گونجتا ہے، شہید بھٹو نے خلوص، تدبر، محنت سے ملک کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی لحاظ سے آگے بڑھایا، انہوں نے عوام کو سیاسی شعور دیا، بااختیار بنایا، ملک کو پہلا متفقہ آئین اور جوہری پروگرام دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا مرکز بنایا اور پاکستان اور چین تعلقات کی بنیاد رکھی، پاک،چین تعلقات کو ایک اٹوٹ دوستی میں تبدیل کرنا بھی ذوالفقار علی بھٹو کا طرہ امتیاز ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو ٹریڈ یونینز تشکیل دینے کا حق دیا، مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیا، شہید بھٹو نے زرعی اصلاحات کر کے بےزمین کسانوں کو زمینیں دیں اور غریبوں کو گھروں کا مالک بنایا۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ قائد عوام کے نظریے اور مشن کی خاطر شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر جدوجہد کی، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور مشن کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم 1973 کے آئین کی حفاظت، جمہوریت کو مضبوط، رواداری اور مساوات کو فروغ دیں گے، ہم پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل ترقی یافتہ ملک بنانے کی جدوجہد کو منزل پر پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

متعلقہ خبریں