اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ زرعی شعبے کے لئے شمسی توانائی کے حوالے سے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے، سندھ کے زرعی مسائل کے حوالے سے صوبائی حکومت کے تعاون سے حکومت اپنا کردار ادا کرے گی اور زرعی شعبے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ نے رکن اسمبلی غوث بخش مہر کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیتوں کا حال اللہ جانتا ہے، گندم کی بمبر کراپ کی وجہ واٹر لاگنگ ہو یا کچھ بھی یہ اللہ کی مہربانی ہے، پاکستان نے گزشتہ سال بھی چاول برآمد کئے، اس سال بھی چاول برا?مد کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا بجٹ ہے جس میں زراعت سے وابستہ لوگوں کے لئے شمسی توانائی کی رقم مختص کی گئی ہے، میں فاضل رکن کو یقین دلاتا ہوں کہ ابھی تک کسی کو بھی یہ فنڈز جاری نہیں کئے گئے، سندھ کے زرعی مسائل کے حوالے سے صوبائی حکومت کے تعاون سے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ زرعی شعبے کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔















