اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار ترقی اہداف ( ایس ڈی جیز) کے حصول کیلئے مقامی حکومتوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان نے ایس ڈی جیز کے اہداف کی حصول کے لیے قومی حکمت عملی وضع کرنے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں لیڈ فار ایس ڈی جیز اور ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ” بااختیار مقامی حکومتیں ایس ڈی جیز ایجنڈا 2030 میں تیزی لانے کیلئے ضروری ہے ” کے موضوع سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر نے پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی اہداف کی کنونیر رومینہ خورشید عالم کی ایس ڈی جیز کے اہداف کے حصول کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ایس ڈی جیز کے ایجنڈے کو مقامی سطح پر نافذ کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی ، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایس ڈی جیز کے ایجنڈا 2030 پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتیں نچلی سطح پر پالیسیاں وضع کرنے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور انکی نگرانی کرکے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں تک عوام کی آسان رسائی ممکن ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ مقامی مسائل اور درپیش چلینجز سے بخوبی اگاہ ہوتے ہیں اور ان چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت پر وفاقی وزرا ، مقامی حکومتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی و میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی اہداف کی کنوینر رومینہ خورشید عالم نے کانفرنس کے شرکاء کو ایس ڈی جیز کے اہداف اور ان پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایس ڈی جیز ایجنڈا 2030 پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی ، صوبائی اور مقامی حکومتوں کے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کے تعاون کے بغیر ایس ڈی جیز کے اہداف کا حصول ناممکن ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ نوجوان مقامی سطح پر درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں فعال کردار ادا کرسکتے ہیں ۔















