کراچی: ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون کا ایک نیا اور طاقتور سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث آئندہ تین سے چار روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہو چکی ہیں، جو مون سون کے اس نئے سلسلے کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔ کراچی میں 25 اور 26 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور سکھر سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے حوالے سے پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر کئی اضلاع میں 24 سے 27 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے ساتھ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، خصوصاً لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، آسمانی بجلی کے دوران احتیاط اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں اور سولر پینلز کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی موجودہ موسمی صورتحال کے مطابق کریں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل رکھیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر معمولی مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ لاہور میں 383 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 328 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 321 ملی میٹر جبکہ نارووال میں 270 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔















