اسلام آباد (اے بی این نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو شاہد حیدر کی زیر صدارت اجلاس منعقد کی گیا۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایات کے مطابق ریجن بھر میں نادہندگان سے واجبات کی وصولی کی مہم تیز کردی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ بجلی نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی اس کے لئے ضلعی انتظامیہ سے بھی مدد طلب کر لی گئی ہے۔لیسکو کے پانچوں لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، قصور اور اوکاڑہ کے منقطع نادہندگان کی فہرستیں تحصیلدار ریکوری اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کی جائیں گی۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نادہندگان کو قرقی جائیداد کے نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔ واجبات جمع نہ کروانے پر جائیدادوں اور اثاثہ جات کی قرقی کر کے نیلامی کر دی جائے گی اور اس حوالے سے گرفتاری بھی عمل میں لائی جائیگی۔ لیسکو چیف کا کہنا تھا کہ نادہندگان اپنے ذمہ واجبات فی الفور ادا کریں نادہندگان سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔















