اہم خبریں

حج 2027 رجسٹریشن جاری، فوری پاسپورٹ بنوانے کی ہدایت جاری

حج 2027 رجسٹریشن کا عمل پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاری ہے، جبکہ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے خواہشمند افراد کو جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کرنے اور پاسپورٹ بنوانے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ رجسٹریشن کسی بھی وقت بند کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق حج 2027ء سے لے کر 2030ء تک کے لیے ایڈوانس رجسٹریشن آن لائن پورٹل کے ذریعے جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار تعطیلات کے باوجود آج اور کل بھی آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد بروقت درخواست جمع کرا سکیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027ء کی درخواست دینے والے تمام افراد کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جس کی معیاد کم از کم 19 نومبر 2027ء تک برقرار ہو۔ اسی لیے جن افراد نے ابھی تک پاسپورٹ نہیں بنوایا، انہیں فوری طور پر اس عمل کو مکمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام تک 3 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن مکمل کرا چکے تھے، جبکہ مزید درخواستیں بھی مسلسل موصول ہو رہی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم یہ مرحلہ کسی بھی وقت بند کیا جا سکتا ہے، اس لیے تاخیر سے گریز کیا جائے۔

ماہرین کے مطابق بروقت حج 2027 رجسٹریشن مکمل کرنے سے آئندہ حج انتظامات اور درخواست کے مراحل میں سہولت حاصل ہوگی، جبکہ رجسٹریشن نہ کرانے والے افراد بعد میں مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں