گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کے قرض میں 90 فیصد اضافہ کیا جس سے پاکستان کے وسائل سکڑ گئے، منصوبوں پر کوئی کام نہیں ہوا ۔آج گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سی پیک کو بھی روکا۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں آئی ایم ایف سے اس وقت کی حکومت نے بھیانک سودا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بھی بگاڑ پیدا کیا، گزشتہ حکومت کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے کوئی پاکستان پر اعتماد کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکلات کے باوجود اچھا بجٹ پیش کیااس بجٹ میں سولر پینل اور خام مال پر بھی کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا بلکہ اسے روکا ہوا ہے۔















