لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں، سلیکشن کمیٹی انہیں بھرپور سپورٹ کرے گی، باؤنسی وکٹ بنانے کی کوشش کریں گے،موجودہ پچز پر کھیل کر ہم آگے نہیں جا سکتے۔ ہفتے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کرکٹ آگے جائے لیکن جن پچز پر ہم نے کھیلا ہے اس سے ہم آگے نہیں جا سکتے، ایسی پچز سے بولرز کو کافی نقصان ہو سکتا ہے، ہم اس سے اچھی وکٹ بنا سکتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کے لیے باؤنسی وکٹ بنانے کی کوشش کریں گے،کرکٹ بورڈ نے موقع دیا ہے اور مجھے اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں پتا ہے، میرے ساتھ تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور پی سی بی انتظامیہ کے درمیان رابطے کا کافی فقدان لگتا ہے، چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا پلیئرز سے براہ راست رابطہ ضروری ہے، پلیئرز سے انفرادی بات چیت کرکے اندازا ہوا کہ مسائل کیا ہیں، خواہش ہے کہ مدت مکمل ہونے سے قبل 2 ٹیمیں بنائیں تاکہ بینچ مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ اکیلا شو نہیں چلاتا، پاور شیئرنگ سے آپ اور بھی زیادہ پاور فل ہوتے ہیں، حارث سہیل اور فخر زمان سے خود رابطہ کرکے ان کا ٹیسٹ لیا۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں، کل بابر اعظم کا فیصلہ اچھا لگا، سلیکشن کمیٹی بابر کو بھرپورسپورٹ کرے گی۔سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا کہ اگر میں انصاف نہ کر پایا تو میرا کام مکمل نہیں ہو گا، میرے ہوتے ہوئے پرفارمرز کو موقع ضرور ملے گا۔