اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات پروفیسراحسن اقبال نے کہاہے کہ پی ایس ڈی پی میں قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کوترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائے گا اور ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام گزشتہ 4 برسوں میں 1000ارب روپے سے گھٹ کر 727 ارب روپے رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار گزشتہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ کے لئے آخری سہ ماہی کی قسط جاری نہیں کی ۔ احسن اقبال نے کہاکہ قلیل و محدود وسائل کے بدولت جاری مالی سال کیلئے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 727 ارب روپے کابجٹ مختص ہوا ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پہ مکمل کرنا اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں غفلت وکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کیلئے دسمبر تک 257 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں، وفاقی وزیرنے کہاکہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کے لئےتیسری سہ ماہی میں 218 ارب روپے جاری کئے جائیں گے۔