اہم خبریں

معروف ہالی ووڈ اداکار ٹم کری چل بسے، شوبز انڈسٹری سوگوار

معروف ہالی ووڈ اداکار ٹم کری چل بسے، شوبز انڈسٹری سوگوار

لندن (اے بی این نیوز) ہالی ووڈ کے معروف برطانوی اداکار اور گلوکار ٹم کری 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کے انتقال کی خبر کے بعد شوبز انڈسٹری اور دنیا بھر میں مداح سوگوار ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹم کری نے فلم ’’دی راکی ہارر پکچر شو‘‘ میں یادگار کردار فرینک این فرٹر جبکہ اسٹیفن کنگ کے 1990 کے ٹی وی ورژن میں خوفناک مسخرے پینی وائز کا کردار ادا کرکے عالمی شہرت حاصل کی۔

ٹم کری کو 2012 میں شدید فالج کا حملہ ہوا تھا، جس کے بعد انہیں وہیل چیئر استعمال کرنا پڑی۔ تاہم انہوں نے فنونِ لطیفہ سے اپنا تعلق برقرار رکھا اور بعد کے برسوں میں زیادہ تر وائس ایکٹنگ سمیت مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔

انہوں نے فلمی کنونشنز میں شرکت کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جبکہ گزشتہ برس اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’’Vagabond‘‘ بھی شائع کی۔

ٹم کری کے منیجر اور دیرینہ دوست مارشیا ہر وٹز نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے لاس اینجلس کے علاقے ٹولوکا لیک میں واقع اپنے گھر میں آخری سانس لی۔

دوسری جانب لاس اینجلس پولیس کے مطابق رات گئے ایک 80 سالہ شخص کی موت کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچے تھے۔

ٹم کری کا یادگار فنی سفر
ٹم کری نے 1973 میں لندن کے رائل کورٹ تھیٹر میں اسٹیج پر پیش کیے جانے والے میوزیکل ’’دی راکی ہارر شو‘‘ میں فرینک این فرٹر کا کردار ادا کرکے شائقین کی توجہ حاصل کی۔

دو برس بعد 1975 میں اسی میوزیکل کو فلمی پردے پر پیش کیا گیا، جس میں ٹم کری نے اپنے منفرد انداز سے فرینک این فرٹر کے کردار کو امر کردیا۔

ابتدائی طور پر فلم کو سینما گھروں میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ ایک کلٹ کلاسک بن گئی اور آج بھی دنیا بھر میں اس کے مداح موجود ہیں۔

’’دی راکی ہارر پکچر شو‘‘ نے طویل عرصے تک سینما گھروں میں نمائش جاری رہنے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا، جبکہ ٹم کری کا کردار ان کی فنی شناخت کا ایک اہم حصہ بن گیا۔
مزید پڑھیں‌:سانحہ پمز، قائمہ کمیٹی کے ارکان نے سنگین سوالات اٹھا دیے

متعلقہ خبریں