اہم خبریں

آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل، پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار وزیراعظم منتخب

آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل، پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار وزیراعظم منتخب

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اپنے رکن قانون ساز اسمبلی سردار مختار احمد خان کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا۔

سردار مختار احمد خان حالیہ آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات میں ایل اے-29 مظفرآباد-3 (مظفرآباد سٹی) سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔ انہوں نے 20 ہزار 45 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی 16 ہزار 507 ووٹ لے کر شکست سے دوچار ہوئے۔

انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر افتخار علی گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے نواز شریف کے امیدوار کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ سردار مختار کی کامیابی کو اس لیے بھی اہم قرار دیا گیا کہ تقریباً 30 سال بعد مظفرآباد شہر کی نشست پر پیپلزپارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی۔

سردار مختار احمد خان کو پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں ماضی میں کسی بڑے رسمی عہدے پر کام کرنے کا موقع نہیں ملا، تاہم 2026 کے انتخابات سے قبل انہیں مظفرآباد سٹی کی نشست کے لیے پارٹی کے نمایاں امیدواروں میں شامل کیا گیا تھا۔
آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل، پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار وزیراعظم منتخب

دوسری جانب بیرسٹر افتخار علی گیلانی کو ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر قانون ساز اسمبلی کا رکن منتخب کرانے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے انہیں وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر سامنے لایا۔

وزیراعظم کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو عددی برتری حاصل ہے، جس کے باعث بیرسٹر افتخار علی گیلانی کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔ تاہم پیپلزپارٹی نے سردار مختار کو امیدوار نامزد کرکے انتخابی مقابلے کو سیاسی طور پر مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

وزیراعظم کے انتخاب میں ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بیرسٹر افتخار علی گیلانی کی حمایت نہیں کررہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں اہم لیگی رہنماؤں کے ووٹ نہ ملنے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی کے امکانات موجود ہیں، تاہم اس صورتحال کے باعث نئی حکومت کو ابتدا ہی سے پارٹی کے اندر سیاسی اختلافات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

یوں آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے انتخاب سے قبل سیاسی صف بندی تیز ہوگئی ہے اور پیپلزپارٹی کی جانب سے سردار مختار احمد خان کو امیدوار بنائے جانے سے انتخابی عمل میں مزید سیاسی دلچسپی پیدا ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:قائمہ کمیٹی کی رکن کا سانحہ پمز کے معاملے پر بڑا انکشاف سامنے آگیا

متعلقہ خبریں